resize-left-dar mid-dar right-dar
✨ Ask AI

عنوان: شک کی بنیاد پر وقوع طلاق کا حکم

(68324-No)

سوال: میرے والدین کے درمیان شدید جھگڑا ہوا، میرے والد بہت غصے والے اور جارح مزاج ہیں، انہوں نے میری والدہ کو تھپڑ مارے، انہیں بری طرح مارا پیٹا اور ان کے کپڑے بھی پھاڑ دیے، ان کے چہرے پر زخموں کے نشان ہیں۔
میرا خیال ہے کہ اس جھگڑے کے دوران میرے والد نے تین مرتبہ طلاق کے الفاظ کہے تھے، میں نے اپنے والد کو والدہ سے یہ کہتے ہوئے بھی سنا کہ وہ عدت کی مدت تک الگ کمرے میں رہیں گے، کیونکہ اس دوران میاں بیوی کا ایک ساتھ سونا مناسب نہیں ہوگا۔ ہم اہلِ سنت ہیں، کیا میرے والدین کے درمیان طلاق واقع ہوچکی ہے؟ براہِ کرم رہنمائی فرمائیں۔

جواب: واضح رہے کہ طلاق کا معاملہ انتہائی حساس اور سنگین ہے، اس لیے جب تک اس میں یقین یا غالب گمان نہ ہو، محض خیال اور شک کی بنیاد پر وقوعِ طلاق کا حکم نہیں لگایا جاسکتا۔
لہٰذا جب تک آپ کے والد صاحب کی طرف سے اس معاملے کی وضاحت سامنے نہ آجائے، محض آپ کے خیال اور شک کی بنیاد پر وقوعِ طلاق کا حکم نہیں دیا جاسکتا۔
پہلے آپ اپنے والد صاحب سے اس بارے میں وضاحت حاصل کرلیں، پھر ان کی بیان کردہ تفصیلات کے ساتھ اپنا سوال دوبارہ ارسال کریں۔

۔۔۔۔۔۔
دلائل

«الأشباه والنظائر - ابن نجيم» (ص52)
شك هل طلق أم لا لم يقع.
شك أنه؛ طلق واحدة، أو أكثر، بنى على الأقل كما ذكره الإسبيجابي إلا أن يستيقن بالأكثر، أو يكون أكبر ظنه على خلافه

«غمز عيون البصائر في شرح الأشباه والنظائر» (1/ 211)
أما الطلاق والعتاق فإنهما لا يقعان بالشك.

واللّٰه تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص، کراچی

Find here answers of your daily concerns or questions about daily life according to Islam and Sharia. This category covers your asking about the category of Divorce