سوال:
میری ساس ایک دین دار خاتون ہیں، وہ نماز، تسبیحات وغیرہ کا اہتمام کرتی ہیں، لیکن وہ عالمہ نہیں ہیں اور نہ ہی انہوں نے باقاعدہ دینی تعلیم حاصل کی ہے۔ تاہم وہ بعض ایسے طریقوں پر عمل کرتی ہیں، مثلاً: نظرِ بد اتارنے کے لیے سفید کپڑے کے ٹکڑے جلاتی ہیں، جن پر پہلے کلمہ پڑھا جاتا ہے۔
وہ اپنے بچوں کے مستقبل قریب کے بعض واقعات کے بارے میں پیش گوئیاں بھی کرتی ہیں، میں نے مسلسل دیکھا ہے کہ میرے شوہر اور نند ان سے پوچھتے رہتے ہیں کہ فلاں کام ہوگا یا نہیں، مثلاً : ملازمت، امتحان یا داخلے کے متعلق اور میری ساس جو کچھ بتاتی ہیں، وہ اس پر یقین کرلیتے ہیں۔
شادی کے بعد میرے شوہر نے مجھ سے متعلق بعض معاملات کے بارے میں بھی اپنی والدہ سے پوچھنا چاہا، جس پر میں نے انہیں منع کردیا، جب بھی میں انہیں اپنے متعلق پوچھنے سے روکتی ہوں تو ہمارے درمیان جھگڑا ہوجاتا ہے، میرے شوہر اپنی والدہ کی باتوں پر آنکھیں بند کرکے اعتماد کرتے ہیں۔
میری ساس یہ بھی کہتی ہیں کہ وہ خواب میں نبی کریم ﷺ کی زیارت کرتی ہیں، یہاں تک کہ میرے سسر کے جنازے کے بعد انہوں نے میرے شوہر کو بتایا کہ انہوں نے یہ واقعہ خواب میں دیکھا تھا۔ وہ میرے شوہر کے بعض دوستوں کے متعلق بھی مختلف واقعات کی پیش گوئیاں کرتی ہیں، ان میں سے بعض دوست زیادہ دین دار نہیں ہیں، لیکن وہ بھی میرے شوہر سے کہتے ہیں کہ اپنی والدہ سے پوچھ کر بتاؤ۔
میں دینی اعتبار سے کوئی مستند علم نہیں رکھتی، لیکن قرآن و سنت کی پیروی کرتی ہوں اور اپنی معلومات کے مطابق اسلام میں مستقبل کے بارے میں پیش گوئیاں کرنا درست نہیں ہے۔ براہِ کرم میری رہنمائی فرمائیں کہ ان تمام معاملات کا شرعی حکم کیا ہے؟
جواب: شرعی اعتبار سے علمِ غیبِ حقیقی اور مستقبل میں پیش آنے والے واقعات کا قطعی علم صرف اللہ تعالیٰ کے ساتھ خاص ہے، لہٰذا کسی شخص کا مستقبل کے حالات و واقعات کی پیش گوئی کرنا اور لوگوں کا اس سے دریافت کرکے اس کی باتوں پر یقین رکھنا ناجائز و حرام ہے۔ محض خواب میں نبی کریم ﷺ کی زیارت کا دعویٰ بھی کسی شخص کے خلافِ شرع اعمال کو جائز یا درست ثابت نہیں کرسکتا، کیونکہ خواب شریعت میں مستقل حجت نہیں ہوتے اور نہ ہی ان سے شرعی احکام ثابت ہوتے ہیں۔
اسی طرح نظرِ بد اتارنے کے لیے کلمہ طیبہ پڑھ کر سفید کپڑے جلانا بھی شریعت سے ثابت شدہ طریقہ نہیں، بلکہ ایک بے اصل عمل ہے، جس میں کلماتِ طیبہ کی بے ادبی کا اندیشہ بھی ہے، لہٰذا اس سے اجتناب کرنا چاہیے اور نظرِ بد سے حفاظت کے لیے مسنون دعاؤں اور اذکار کا اہتمام کرنا چاہیے۔
پوچھی گئی صورت میں آپ کا اپنے معاملات کے متعلق ایسی پیش گوئیاں پوچھنے سے منع کرنا بالکل درست ہے، البتہ اس معاملے میں شوہر سے جھگڑا کرنے کے بجائے حکمت، نرمی اور احترام کے ساتھ انہیں سمجھائیں، اور ضرورت ہو تو کسی مستند دارالافتاء کا تحریری فتویٰ دکھا کر اس عمل کی شرعی حیثیت واضح کریں، نیز اپنی ساس کی بزرگی اور احترام کا بھی لحاظ رکھیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
الدلائل:
الدر المختار مع ردالمحتار: ( 4/ 242، ط: دار الفكر)
والكاهن كما في مختصر النهاية للسيوطي من يتعاطى الخبر عن الكائنات في المستقبل ويدعي معرفة الأسرار... والحاصل أن الكاهن من يدعي معرفة الغيب بأسباب وهي مختلفة فلذا انقسم إلى أنواع متعددة كالعرّاف والرمّال والمنجم: وهو الذي يخبر عن المستقبل... والذي يدعي أن له صاحبا من الجن يخبره عما سيكون، والكل مذموم شرعا، محكوم عليهم وعلى مصدقهم بالكفر. وفي البزازية: يكفر بادعاء علم الغيب وبإتيان الكاهن وتصديقه. وفي التتارخانية: يكفر بقوله أنا أعلم المسروقات أو أنا أخبر عن إخبار الجن إياي اه.
فتاوى قاضيخان: (3/ 361، ط: دار الكتب العلمية)
رجل قال: أنا أعلم المسروقات، قال الشيخ الإمام محمد بن الفضل: هذا القائل ومن صدقه يكون كافرا. قيل له: فإن قال هذا القائل: أنا أخبر بإخبار الجن إياي بذلك، قال: هو ومن صدقه يكون كافرا بالله لقوله عليه السلام: من أتى كاهنا فصدقه فيما قال فقد كفر بما أنزل على محمد، لا يعلم الغيب إلا الله لا الجن ولا الإنس.
مجمع الأنهر في شرح ملتقى الأبحر: (1/ 691، ط: دار إحياء التراث العربي)
وبإتيان الكاهن وتصديقه وبقوله أنا أعلم المسروقات وبقوله أنا أخبر عن أخبار الجن إياي فإن قال هذا فهو ساحر كاهن ومن صدقه فقد كفر.
الدر المختار مع رد المحتار: (1/ 383، ط: دار الفكر)
واستشكل إثباته بالرؤيا بأن رؤيا غير الأنبياء لا يبنى عليها حكم شرعي.
الفتاوى الهندية: (5/ 323، ط: دار الفكر)
المصحف إذا صار خلقا وتعذرت القراءة منه لا يحرق بالنار، أشار الشيباني إلى هذا في السير الكبير وبه نأخذ، كذا في الذخيرة... وما كتب فيه اسم الله تعالى يحترم ولا يلقى في موضع يخل بالتعظيم.
والله تعالیٰ اعلم باالصواب
دار الافتاء الاخلاص کراچی