resize-left-dar mid-dar right-dar
✨ Ask AI

عنوان: سچی توبہ کے بعد ماضی کے گناہ پر بے جا خوف اور نعمتوں کے چھن جانے کے وسوسوں کا شرعی حکم

(69453-No)

سوال: السلام علیکم! اللہ تعالیٰ نے مجھے الحمدللہ وہ سب کچھ عطا فرمایا ہے جس کی میں نے خواہش کی تھی، لیکن ماضی میں مجھ سے ایک غلطی ہوئی تھی اور تب سے میرے دل میں یہ خوف بیٹھ گیا ہے کہ کہیں اس غلطی کی وجہ سے اللہ تعالیٰ مجھ سے یہ تمام نعمتیں واپس نہ لے لے۔ یہ خوف کبھی کم اور کبھی زیادہ ہو جاتا ہے، صبح کے وقت یہ خوف بہت زیادہ ہوتا ہے اور بعض اوقات جب اس غلطی سے متعلق کوئی بات سنتا ہوں تو میری پریشانی مزید بڑھ جاتی ہے۔
اس کیفیت کی وجہ سے میری ذہنی حالت متاثر ہو رہی ہے، میں نہ زندگی کے معاملات پر توجہ دے پا رہا ہوں اور نہ ہی اللہ تعالیٰ کی عطا کردہ نعمتوں پر اس طرح شکر ادا کر پا رہا ہوں جس طرح کرنا چاہیے۔ میرے ذہن میں بار بار یہ خیال آتا ہے کہ اگر یہ تمام نعمتیں مجھ سے چھن گئیں تو کیا ہوگا؟ میری زندگی بالکل بکھر جائے گی۔
مجھے سمجھ نہیں آ رہا کہ میں کیا کروں؟ میں اللہ تعالیٰ کے حضور توبہ کر چکا ہوں اور پہلے سے بہتر مسلمان بننے کی کوشش بھی کر رہا ہوں، لیکن ماضی کی غلطی اب بھی میرا سکون چھین رہی ہے اور میں اپنی زندگی اطمینان کے ساتھ نہیں گزار پا رہا۔ براہِ کرم میری رہنمائی فرمائیں کہ مجھے اس صورتِ حال میں کیا کرنا چاہیے؟ جزاکم اللہ خیراً

جواب: شریعت کا اصول ہے کہ سچی توبہ اور استغفار کے بعد گناہ کا اثر مکمل طور پر مٹ جاتا ہے اور حدیثِ مبارکہ کے مطابق توبہ کرنے والا ایسا ہو جاتا ہے جیسے اس نے گناہ کیا ہی نہ ہو، لہٰذا اب ماضی کی غلطی پر نعمتوں کے چھن جانے کا خوف رکھنا محض ایک شیطانی وسوسہ ہے جس کا مقصد آپ کو ذہنی اذیت میں مبتلا کر کے اللہ کی نعمتوں کے شکر سے روکنا ہے۔ اگر اس غلطی میں کسی بندے کا حق شامل تھا تو اس کی تلافی کر دیں، ورنہ اللہ کی رحمت پر پختہ یقین رکھیں کیونکہ وہ بہت کریم ذات ہے اور اس ذات سے یہ امید نہیں کہ توبہ کے بعد عطا کردہ نعمتیں واپس چھین لے، صبح کے وقت اس گھبراہٹ سے بچنے کے لیے فجر کے بعد معوّذتین (سورۃ الفلق و الناس) اور آیت الکرسی کا معمول بنائیں، صدقہ دیتے رہیں اور اپنے رب سے خیر اور نعمتوں کے دوام کا حسنِ ظن رکھیں، ان شاء اللہ آپ کو کامل قلبی سکون نصیب ہوگا۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

الدلائل:

*مدارج السالكين بين منازل إياك نعبد وإياك نستعين: (1/ 284، ط: دار الكتاب العربي - بيروت)*
والله سبحانه إنما لم يؤاخذ التائب، لأنه قد رجع إلى طاعته وعبوديته، وتاب توبة نصوحا، والمصر على مثل ما تاب منه - أو أعظم - لم يراجع الطاعة ولم يتب توبة نصوحا.قالوا: ولأن التائب إذا تاب إلى الله، فقد زال عنه اسم العاصي كالكافر إذا أسلم زال عنه اسم الكافر

*سنن ابن ماجه ت الأرنؤوط: (5/ 320، ط: دار الرسالة العالمية)*
عن أبي عبيدة بن عبد الله عن أبيه، قال: قال رسول الله - صلى الله عليه وسلم -: "التائب من الذنب كمن لا ذنب له"

والله تعالیٰ اعلم باالصواب
دار الافتاء الاخلاص کراچی

Find here answers of your daily concerns or questions about daily life according to Islam and Sharia. This category covers your asking about the category of Beliefs