سوال:
السلام علیکم، مفتی صاحب! مجھے ایک ذاتی مسئلے کے بارے میں آپ کی شرعی رہنمائی درکار ہے۔ میرے شوہر چاہتے ہیں کہ میں اپنی ناک کی سرجری (Rhinoplasty) کرواؤں، میری ناک کا اگلا حصہ قدرتی طور پر قدرے نمایاں ہے، لیکن میری ناک بہت زیادہ بڑی یا خراب نہیں ہے۔ مجھے سانس لینے میں بھی کوئی طبی مسئلہ نہیں ہے۔ یہ سرجری صرف اپنی ناک کی ظاہری شکل تبدیل کرنے کے لیے کروائی جائے گی، یعنی اس کا مقصد خالصتاً خوب صورتی میں اضافہ کرنا ہے، لیکن میں خود یہ سرجری نہیں کروانا چاہتی، کیونکہ مجھے اللہ تعالیٰ کا خوف ہے اور مجھے اندیشہ ہے کہ کہیں یہ اللہ تعالیٰ کی بنائی ہوئی فطرت میں تبدیلی کرنے اور گناہ کا سبب نہ بن جائے۔
میں نے اپنے شوہر کو بھی بتایا ہے کہ میں اللہ تعالیٰ سے ڈرتی ہوں اور گناہ نہیں کرنا چاہتی، لیکن میری بات جاننے کے باوجود میرے شوہر سرجری کروانے پر اصرار کر رہے ہیں۔ میں درج ذیل سوالات کے جوابات چاہتی ہوں:
1) کیا اسلام میں کسی طبی ضرورت کے بغیر صرف خوب صورتی کے لیے ناک کی سرجری کروانا جائز ہے؟
2) کیا ایسی کاسمیٹک سرجری اللہ تعالیٰ کی بنائی ہوئی فطرت میں تبدیلی کرنے کے زمرے میں آتی ہے؟
3) اگر شوہر اپنی بیوی کو کاسمیٹک سرجری کروانے پر اصرار کریں تو کیا بیوی کے لیے ان کی بات ماننا ضروری ہے؟
4) اگر بیوی خود یہ سرجری نہیں کروانا چاہتی اور شوہر کے اصرار کے باوجود انکار کر دیتی ہے تو کیا وہ گناہ گار ہوگی؟
5) اگر بیوی کسی کاسمیٹک سرجری کے لیے رضامند نہ ہو تو شرعاً شوہر کی کیا ذمہ داری ہے؟
میری خواہش صرف یہ ہے کہ میرا فیصلہ اللہ تعالیٰ کی رضا کے مطابق ہو اور مجھ سے کوئی ایسا کام سرزد نہ ہو جو شرعاً ناجائز ہو۔ جزاکم اللہ خیراً
جواب: اصل سوال کے جواب سے قبل چند أمور بطورِ تمہید ملاحظہ ہوں:
(الف) کسی جسمانی عیب کو دور کرنے کے لیے علاج کرنے کی شرعاً اجازت ہے، البتہ محض حسن و جمال میں اضافے کے لیے جسم کی قدرتی ساخت میں مستقل تبدیلی کرنا جائز نہیں۔
(ب) ناک کی ساخت تبدیل کرنے کے عمل (Rhinoplasty) کی دو قسمیں ہیں: ایک آپریشن کے ذریعے (Surgical Rhinoplasty) اور دوسری بغیر آپریشن کے (Non-Surgical Rhinoplasty)۔ پہلی صورت میں آپریشن کے ذریعے ناک کی قدرتی ساخت میں مستقل تبدیلی کی جاتی ہے، جبکہ دوسری صورت میں انجکشن کے ذریعے مخصوص کیمیائی مواد ناک کی جلد کے نیچے داخل کرکے اس کی ظاہری ساخت میں عارضی تبدیلی کی جاتی ہے۔
(ج) زینت کی خاطر سرجیکل ٹریٹمنٹ جائز نہیں ہے، اور نان سرجیکل ٹریٹمنٹ بھی اس وقت جائز ہے جب اس میں کوئی شرعی خرابی نہ ہو، مثلاً: دھوکہ، اسراف، کافر یا فاسق لوگوں کے ساتھ تشبّہ، تغییر لخلق اللہ اور ضرر وغیرہ۔
اس تمہید کے بعد آپ کے سوالات کے جوابات یہ ہیں:
۱ - ۲) سوال میں ذکر کردہ وضاحت کے مطابق چونکہ آپ کی ناک بڑی یا خراب نہیں ہے، اور نہ ہی آپ کو کوئی طِبّی مسئلہ ہے، صرف اتنی بات ہے کہ ناک کا اگلا حصہ ذرا موٹا یا قدرے نمایاں ہے، اس لیے محض خوب صورتی بڑھانے کے لیے سرجیکل طریقے سے مستقل طور پر ناک ساخت تبدیل کروانا جائز نہیں، البتہ نان سرجیکل طریقے سے عارضی طور پر ناک کی شکل بہتر بنانے کی گنجائش ہے، بشرطیکہ اس میں کوئی ناجائز یا نقصان دہ مواد استعمال نہ ہو، نیز اوپر وضاحت میں ذکر کردہ أمور میں سے کوئی خلافِ شرع عمل لازم نہ آئے۔
3 - 4) مذکورہ صورت میں شوہر اگر سرجیکل ٹریٹمنٹ کروانے پر اصرار کرے تو اس چیز میں شوہر کی اطاعت لازم نہیں، اس لیے کہ شوہر کی اطاعت صرف جائز أمور میں ہوتی ہے، کسی ناجائز امر میں اطاعت لازم نہیں، لہٰذا اگر آپ سرجری کروانے سے انکار کریں تو گناہ گار نہیں ہوں گی۔
5) شوہر کے لیے بیوی کو کسی ناجائز معاملہ پر إصرار کرنا جائز نہیں ہے، اسے چاہیے کہ شرعی احکام اور بیوی کی رضامندی کا لحاظ رکھے اور اس کے ساتھ حسنِ معاشرت کا معاملہ کرے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:
سنن الترمذي: (رقم الحديث: 1707، 209/4، ط: شركة مكتبة ومطبعة مصطفى البابي الحلبي)
باب ما جاء لا طاعة لمخلوق في معصية الخالق:
حدثنا قتيبة قال: حدثنا الليث، عن عبيد الله بن عمر، عن نافع، عن ابن عمر، قال: قال رسول الله صلى الله عليه وسلم: «السمع والطاعة على المرء المسلم فيما أحب وكره ما لم يؤمر بمعصية، فإن أمر بمعصية فلا سمع عليه ولا طاعة». وفي الباب عن علي، وعمران بن حصين، والحكم بن عمرو الغفاري. وهذا حديث حسن صحيح.
تكملة فتح الملهم: (169/4، ط: مكتبة معارف القرآن، کراتشی)
وقال القرطبي في تفسيره: (5/ 392) ثم قيل: هذا المنهي عنه إنما هو فيما يكون باقيا، لأنه من باب تغيير خلق الله تعالى، فأما ما لا يكون باقيا، كالكحل والتزين به للنساء فقد أجازه العلماء مالك وغيره، وكرهه مالك للرجال، وأجاز مالك أيضا أن تثني المرأة يديها بالحناء.
والحاصل: أن كل ما يفعل في الجسم من زيادة أو نقص من أجل الزينة بما يجعل الزيادة أو النقصان مستمرا مع الجسم وبما يبدو منه أنه كان في أصل الخلقة هكذا فإنه تلبيس وتغيير منهي عنه. وأما ما تزينت به المرأة لزوجها من تحمير الأيدي، أو الشفاه أو العارضين بما لا يلتبس بأصل الخلقة، فإنه ليس داخلا في النهي عند جمهور العلماء. وأما قطع الأصبع الزائدة ونحوها فإنه ليس تغييرا لخلق الله، وإنه من قبيل إزالة عيب أو مرض، فأجازه أكثر العلماء خلافا لبعضهم.
تبویب فتاویٰ جامعة دار العلوم كراتشي: رقم الفتوی: (2469/11)
واللہ تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص،کراچی