resize-left-dar mid-dar right-dar
✨ Ask AI

عنوان: بالوں کے علاج کے لیے ایکسوسومز کے استعمال کا شرعی حکم

(69487-No)

سوال: مفتیانِ کرام، السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ! گزارش ہے کہ کیا ایکسوسومز کا استعمال، خصوصاً بالوں کے علاج اور نشوونما (Hair Growth Treatment) کے لیے، شرعی اعتبار سے جائز اور حلال ہیں؟ کیا ان میں انسانی یا حیوانی خلیات سے حاصل کردہ کوئی ایسے اجزاء یا مادّے استعمال ہوتے ہیں جو شریعتِ اسلامی کے مطابق ناجائز یا حرام ہوں؟
براہِ کرم اس حوالے سے تفصیلی وضاحت فرمائیں اور قرآن و سنت کی روشنی میں شرعی رہنمائی فراہم کریں کہ آیا بالوں کے علاج کے لیے ایکسوسومز کا استعمال جائز ہے یا نہیں؟ جزاکم اللہ خیراً

جواب: بالوں کے علاج کے لیے ایکسوسومز کے استعمال کا شرعی حکم ان کے ماخذ (Source) پر موقوف ہے، اگر یہ نباتات (پودوں) یا شرعی طریقے سے ذبح شدہ حلال جانور کے پاک اجزاء مثلاً: دودھ وغیرہ سے تیار کیے گئے ہوں اور ان میں کوئی ناپاک کیمیکل شامل نہ ہو تو ان کا استعمال جائز ہے، اس کے برعکس خنزیر، مردار جانور یا کسی دوسرے انسان کے خلیات (مثلاً ہڈی کے گودے) سے تیار کردہ ایکسوسومز کا استعمال ناجائز اور حرام ہے، کیونکہ خنزیر و مردار نجس ہیں جبکہ تکریمِ آدمیت (وَلَقَدْ كَرَّمْنَا بَنِي آدَمَ(الإسراء: 70) کی رو سے انسانی اجزاء سے انتفاع محض زیب و زینت کے لیے جائز نہیں، البتہ اگر مریض کے اپنے خون یا چربی (Autologous) سے ایکسوسومز حاصل کیے جائیں تو چونکہ خون ناپاک ہے، اس لیے محض شوقیہ بال گھنے کرنے کے لیے اس کا استعمال درست نہیں، تاہم شدید گنج پن کی وجہ سے ذہنی اذیت یا عیب دور کرنے کے لیے پاک متبادل نہ ہونے کی صورت میں اس کی اجازت ہوگی، لہٰذا علاج کروانے سے قبل متعلقہ پروڈکٹ کے ماخذ کی تصدیق کر کے صرف نباتاتی یا مصدّقہ حلال ایکسوسومز ہی استعمال کیے جائیں۔
باقی کسی خاص پروڈکٹ اور اس کے پورے اجزاء کی شرعی تحقیق کے لیے کسی مستند حلال سرٹیفیکشن باڈی جیسے S A N H A (ساؤتھ افریقن نیشنل حلال اتھارٹی) وغیرہ سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
الدلائل:

الدر المختار (1/ 210، دار الفكر-بيروت)
اختلف في التداوي بالمحرم وظاهر المذهب المنع كما في رضاع البحر، لكن نقل المصنف ثمة وهنا عن الحاوي: وقيل يرخص إذا علم فيه الشفاء ولم يعلم دواء آخر كما رخص الخمر للعطشان وعليه الفتوى

وفی حاشية ابن عابدين (رد المحتار) (1/ 210 ،دار الفكر-بيروت)
في الحاوي القدسي: إذا سال الدم من أنف إنسان ولا ينقطع حتى يخشى عليه الموت وقد علم أنه لو كتب فاتحة الكتاب أو الإخلاص بذلك الدم على جبهته ينقطع فلا يرخص له فيه؛ وقيل يرخص كما رخص في شرب الخمر للعطشان وأكل الميتة في المخمصة وهو الفتوى. اه (قوله ولم يعلم دواء آخر) هذا المصرح به في عبارة النهاية كما مر وليس في عبارة الحاوي، إلا أنه يفاد من قوله كما رخص إلخ؛ لأن حل الخمر والميتة حيث لم يوجد ما يقوم مقامهما.

مسند أحمد مخرجا (31/ 344،رقم الحدیث 19006)
عن عبد الرحمن بن طرفة، أن جده عرفجة أصيب أنفه يوم الكلاب في الجاهلية، فاتخذ أنفا من ورق، فأنتن عليه، «فأمره النبي صلى الله عليه وسلم أن يتخذ أنفا من ذهب»

والله تعالیٰ اعلم باالصواب
دار الافتاء الاخلاص کراچی

Find here answers of your daily concerns or questions about daily life according to Islam and Sharia. This category covers your asking about the category of Medical Treatment