resize-left-dar mid-dar right-dar
✨ Ask AI

عنوان: سولہ سالہ لڑکی کی جسمانی صحت، ذہنی کیفیت اور جان کے تحفظ کے پیشِ نظر یا شوہر کو ممکنہ قانونی گرفتاری اور سزا سے بچانے کی خاطر ایک ماہ کا حمل ساقط کرانے کا حکم

(69454-No)

سوال: السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ! ایک لڑکی کی عمر محض 16 سال ہے اور وہ اس وقت تقریباً ایک ماہ کے حمل سے ہے۔ بھارت بالخصوص ریاستِ مغربی بنگال کے موجودہ ملکی قوانین کے مطابق 18 سال سے کم عمر لڑکی کی شادی اور اس کے حاملہ ہونے کی صورت میں قانونی پیچیدگیاں پیدا ہوسکتی ہیں، حتیٰ کہ شوہر کے خلاف قانونی کارروائی، مقدمہ درج ہونے اور جیل یا دیگر سزاؤں کا اندیشہ بھی ہوسکتا ہے، اس سلسلے میں درج ذیل امور کی شرعی رہنمائی مطلوب ہے:
1) کیا مذکورہ صورتِ حال میں یعنی قانونی پیچیدگیوں اور شوہر کو ممکنہ سزا سے بچانے کے لیے ایک ماہ کے حمل کو ساقط کرانا شرعاً جائز ہوگا؟
2) اگر مذکورہ صورت میں اسقاطِ حمل شرعاً جائز نہ ہو تو اس خاندان کے لیے شرعی اعتبار سے کیا لائحۂ عمل اختیار کرنا درست ہوگا؟
3) لڑکی کی عمر محض 16 سال ہونے کے پیشِ نظر اس کی جسمانی صحت، ذہنی کیفیت اور جان و سلامتی کے تحفظ کے متعلق شریعت کا کیا حکم اور رہنمائی ہے؟
حضرت! مسئلہ نہایت حساس اور اہم ہے، اس لیے قرآن و سنت اور فقہِ حنفی کی روشنی میں، نیز بھارت کے موجودہ قانونی حالات کو پیشِ نظر رکھتے ہوئے، مدلل اور مفصل شرعی رہنمائی عطا فرمائیں۔ جزاکم اللہ خیراً واحسن الجزاء

جواب: واضح رہے کہ بغیر کسی شرعی عذر کے حمل ساقط کرنا جائز نہیں ہے، البتہ اگر کسی دیانت دار ماہر ڈاکٹر کی رائے کے مطابق حمل جاری رکھنے سے ماں کی جان یا صحت کو شدید خطرہ لاحق ہو یا اس کے علاوہ کوئی اور معتبر شرعی عذر ہو تو چار ماہ مکمل ہونے سے پہلے اسقاطِ حمل کی گنجائش ہے۔
پوچھی گئی صورت میں سب سے پہلے مذکورہ لڑکی کی جسمانی صحت اور جان کی سلامتی کو پیشِ نظر رکھا جائے، اگر مستند ماہر ڈاکٹر کی رائے کے مطابق لڑکی کی کم عمری کی وجہ سے حمل جاری رکھنا اس کی جسمانی صحت یا جان کے لیے نقصان دہ ہو، یا ولادت کے وقت کسی سنگین خطرے کا اندیشہ ہو تو اس صورت میں مذکورہ حمل کے اسقاط کی گنجائش ہوگی۔
البتہ اگر ایسی کوئی طبّی پریشانی نہ ہو تو قانونی پیچیدگیوں سے بچنے کے لیے پہلے ماہرینِ قانون اور وکلاء سے مشاورت کرکے یہ معلوم کیا جائے کہ آیا کوئی ایسا جائز قانونی راستہ یا حل موجود ہے جس کے ذریعے شوہر کو ممکنہ قانونی کارروائی، گرفتاری یا قید سے بچایا جاسکے، اگر ایسا کوئی قابلِ عمل راستہ موجود ہو تو اسے اختیار کیا جائے، البتہ اگر قانونی ماہرین کی رائے کے مطابق کوئی ایسا راستہ موجود نہ ہو اور واقعتاً بھارت کے موجودہ قوانین کے تحت شوہر کے خلاف مقدمہ، گرفتاری، قید یا کسی شدید سزا کا قوی اندیشہ ہو تو ایسی شدید پریشانی کے پیشِ نظر چار ماہ مکمل ہونے سے پہلے اسقاطِ حمل کرانے کی گنجائش ہوگی۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
*الدلائل:*

*الدر المختار مع رد المحتار: (429/6، ط: دار الفکر)*
"و يكره أن تسقى لإسقاط حملها ... وجاز لعذر حيث لا يتصور."
(قوله: و يكره إلخ) أي مطلقًا قبل التصور وبعده على ما اختاره في الخانية كما قدمناه قبيل الاستبراء وقال إلا أنها لا تأثم إثم القتل (قوله: وجاز لعذر) كالمرضعة إذا ظهر بها الحبل و انقطع لبنها وليس لأبي الصبي ما يستأجر به الظئر ويخاف هلاك الولد قالوا: يباح لها أن تعالج في استنزال الدم ما دام الحمل مضغة أو علقة ولم يخلق له عضو وقدروا تلك المدة بمائة وعشرين يوما، وجاز لأنه ليس بآدمي وفيه صيانة الآدمي خانية (قوله: حيث لايتصور) قيد لقوله: وجاز لعذر والتصور كما في القنية أن يظهر له شعر أو أصبع أو رجل أو نحو ذلك.‘‘

*الهندية: (356/5، ط: دار الفکر)*
’’رجل عزل عن امرأته بغير إذنها لما يخاف من الولد السوء في هذا الزمان فظاهر جواب الكتاب أن لايسعه وذكر هنا يسعه لسوء هذا الزمان كذا في الكبرى. وله منع امرأته من العزل كذا في الوجيز للكردري. وإن أسقطت بعد ما استبان خلقه وجبت الغرة كذا في فتاوى قاضي خان. العلاج لإسقاط الولد إذا استبان خلقه كالشعر والظفر ونحوهما لا يجوز وإن كان غير مستبين الخلق يجوز ... وفي اليتيمة سألت علي بن أحمد عن إسقاط الولد قبل أن يصور فقال أما في الحرة فلا يجوز قولا واحدا وأما في الأمة فقد اختلفوا فيه والصحيح هو المنع كذا في التتارخانية. و لايجوز للمرضعة دفع لبنها للتداوي إن أضر بالصبي كذا في القنية. امرأة مرضعة ظهر بها حبل وانقطع لبنها وتخاف على ولدها الهلاك وليس لأبي هذا الولد سعة حتى يستأجر الظئر يباح لها أن تعالج في استنزال الدم ما دام نطفة أو مضغة أو علقة لم يخلق له عضو وخلقه لا يستبين إلا بعد مائة وعشرين يوما أربعون نطفة وأربعون علقة وأربعون مضغة كذا في خزانة المفتين. وهكذا في فتاوى قاضي خان. والله أعلم‘‘.

*الموسوعة الفقهیة الکویتیة: (285/30، ط: دار القرآن)*
"وذهب الحنفیة إلی إباحة إسقاط العلقة حیث أنهم یقولون بإباحة إسقاط الحمل ما لم یتخلق منه شيء ولم یتم التخلق إلا بعد مائة وعشرین یوماً، قال ابن عابدین: وإطلاقهم یفید عدم توقف جواز إسقاطها قبل المدة المذکورة علی إذن الزوج، وکان الفقیه علي بن موسی الحنفي یقول: إنه یکره فإن الماء بعد ما وقع في الرحم مآله الحیاة، فیکون له حکم الحیاة کما في بیضة صید الحرم، قال ابن وهبان: فإباحة الإسقاط محمولة علی حالة العذر أو أنها لاتأثم إثم القتل".

واللّٰه تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص، کراچی

Find here answers of your daily concerns or questions about daily life according to Islam and Sharia. This category covers your asking about the category of Medical Treatment