سوال:
السلام علیکم، مفتی صاحب! (1) میرا سوال یہ ہے کہ اگر کسی شخص کی اولاد ہو تو کیا اس شخص کے انتقال کے بعد اس کی تمام جائیداد صرف اس کی اولاد ہی کی ہوتی ہے؟ کیا اس جائیداد میں دیگر رشتہ داروں کے حصے بھی شامل ہوتے ہیں؟ اگر ایسا ہے تو اس کی کیا وجہ ہے کہ اولاد کے موجود ہونے کے باوجود دوسرے رشتہ دار بھی وارث بنتے ہیں؟ رشتہ داروں کا حق کیوں بنتا ہے؟
(2) اگر اولاد اپنے والدین کی جائیداد آپس میں شرعی حصوں کے مطابق تقسیم کرلے، لیکن دیگر رشتہ داروں کا بھی حصہ بنتا ہو اور انہیں ان کا حق نہ دیا جائے تو کیا گناہ ہوگا؟ آج کل تو میں نے کسی کو نہیں دیکھا کہ والدین کی جائیداد میں دیگر رشتہ داروں کو بھی حصہ دیا جاتا ہو، بلکہ اولاد آپس میں ہی جائیداد تقسیم کرلیتی ہے۔ اسی طرح اگر والد کا انتقال ہوجائے اور والدہ حیات ہوں تو والدہ بھی شوہر کے انتقال کے بعد ساری جائیداد اپنی اولاد میں تقسیم کردیتی ہیں۔ رشتہ داروں کے حصے کی بات کبھی سمجھ میں نہیں آئی اور نہ ہی یہ سمجھ آیا کہ ان کا حصہ کیوں بنتا ہے؟ براہِ کرم تفصیل سے جواب عنایت فرمائیں تاکہ میرے تمام سوالات کے جوابات واضح ہوجائیں۔
جواب: اللہ تعالیٰ نے قرآنِ کریم میں وراثت کے احکام اور ورثاء کے مقررہ حصے تفصیل سے بیان فرمانے کے بعد واضح الفاظ میں ارشاد فرمایا ہے کہ یہ اللہ تعالیٰ کی مقرر کردہ حدود ہیں، اور جو شخص اللہ اور اس کے رسول ﷺ کی اطاعت کرے گا، اللہ تعالیٰ اسے جنت میں داخل فرمائے گا، جبکہ جو اللہ تعالیٰ کی حدود سے تجاوز کرے گا اور اس کے احکام کی نافرمانی کرے گا، اس کے لیے ذلیل کرنے والا عذاب ہے۔
اس سے معلوم ہوتا ہے کہ تقسیمِ میراث محض خاندانی معاملات یا باہمی رضامندی کا مسئلہ نہیں، بلکہ یہ اللہ تعالیٰ کا مقرر کردہ شرعی حکم اور اس کی حدود میں سے ہے، جس طرح دنیاوی عدالتوں کے فیصلوں اور ملکی قوانین کی پابندی کو ضروری سمجھا جاتا ہے اور کسی کو اپنی مرضی سے ان میں رد و بدل کرنے کا اختیار نہیں ہوتا، اسی طرح اللہ تعالیٰ کے مقرر کردہ قوانینِ میراث میں بھی کسی کو اپنی خواہش، پسند یا خاندانی رواج کی بنیاد پر کمی بیشی کرنے کا کوئی حق حاصل نہیں۔
لہٰذا کسی وارث کو اس کے شرعی حصے سے محروم کرنا، اس کا حصہ روک لینا یا اپنی مرضی سے وراثت تقسیم کرنا اللہ تعالیٰ کی مقرر کردہ حدود سے تجاوز ہے، اس لیے ضروری ہے کہ میراث کی تقسیم جذبات، روایات اور ذاتی خواہشات کے بجائے قرآن و سنت کے مطابق کی جائے اور ہر وارث کو اس کا مکمل شرعی حق دیا جائے۔ اس تمہید کے بعد آپ کے سوالات کے جوابات درج ذیل ہیں:
واضح رہے کہ اسلامی قانونِ وراثت میں مرنے والے کی میراث میں اولاد کے علاوہ بھی دیگر رشتہ داروں کے حصے بیان کیے گئے ہیں، اسی وجہ سے کسی شخص کے انتقال کے بعد اس کا ترکہ صرف اس کی اولاد میں تقسیم نہیں ہوتا، بلکہ بعض صورتوں میں دیگر رشتہ دار بھی اپنے شرعی رشتے اور قرابت کی بنیاد پر وارث بنتے ہیں، البتہ ہر رشتہ دار وارث نہیں ہوتا، بلکہ بعض رشتہ داروں کو مخصوص حالات میں حصہ ملتا ہے اور بعض قریبی وارثوں کی موجودگی میں محروم ہوجاتے ہیں، لہٰذا محض اولاد کے موجود ہونے سے تمام دیگر رشتہ داروں کا حق ختم نہیں ہوجاتا، بلکہ ہر رشتہ دار کے وارث ہونے یا محروم ہونے کا فیصلہ شرعی اصولوں کے مطابق ہوتا ہے۔
اگر مرحوم کے اتقال کے وقت والدین، بیوی یا دیگر ایسے رشتہ دار موجود ہوں جو شرعاً وارث بنتے ہیں تو ان کا حصہ دینا ضروری ہے، اولاد کے لیے جائز نہیں کہ وہ تمام جائیداد آپس میں تقسیم کرکے دوسرے شرعی ورثاء کو ان کے حق سے محروم کردے، قرآن و حدیث میں اس پر سخت وعیدیں آئی ہیں۔
اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید میں وارثوں کے میراث کے حصے ذکر کرنے کے بعد ارشاد فرمایا ہے: ﴿تِلْكَ حُدُودُ اللّٰهِ ۚ وَمَنْ يُّطِعِ اللّٰهَ وَرَسُوْلَهٗ يُدْخِلْهُ جَنّٰتٍ تَجْرِيْ مِنْ تَحْتِهَا الْاَنْهٰرُ خٰلِدِيْنَ فِيْهَا ۚ وَذٰلِكَ الْفَوْزُ الْعَظِيْمُ وَمَنْ يَّعْصِ اللّٰهَ وَرَسُوْلَهٗ وَيَتَعَدَّ حُدُوْدَهٗ يُدْخِلْهُ نَارًا خَالِدًا فِيْهَا وَلَهٗ عَذَابٌ مُّهِيْنٌ﴾ (سورۃ النساء: 13-14)
ترجمہ: یہ اللہ کی مقرر کی ہوئی حدیں ہیں، اور جو شخص اللہ اور اس کے رسول کی اطاعت کرے گا، وہ اس کو ایسے باغات می داخل کرے گا جن کے نیچے نہریں بہتی ہوں گی، ایسے لوگ ہمیشہ ان (باغات) میں رہیں گے، اور یہ زبردست کامیابی ہے اور جو شخص اللہ اور اس کے رسول کی نافرمانی کرے گا اور اس کی مقرر کی ہوئی حدود سے تجاوز کرے گا، اسے اللہ دوزخ میں داخل کرے گا جس میں وہ ہمیشہ رہے گا، اور اس کو ایسا عذاب ہوگا جو اس کو ذلیل کرکے رکھ دے گا۔
ایک حدیثِ مبارک میں ہے: حضرت انس رضی اللہ تعالیٰ عنہ فرماتے ہیں: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جو شخص اپنے وارث کی میراث کاٹے گا،(یعنی اس کا حصہ نہیں دے گا) تو اللہ تعالیٰ قیامت کے دن اس کی جنت کی میراث کاٹ لے گا۔ (مشکوۃ المصابیح)
خلاصہ:
وراثت میں کسی شخص کی اولاد کے موجود ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ دوسرے رشتہ دار محروم ہوجائیں گے، بلکہ شریعت نے اولاد کے علاوہ بھی بعض صورتوں میں دیگر رشتہ دار کا بھی مرنے والے/والی کی میراث میں حصہ رکھا ہے، اس لیے ضروری ہے کہ ہر شخص کے انتقال کے بعد اس کے تمام شرعی ورثاء کی تعیین کرکے ان کے حصے مقرر کیے جائیں اور کسی کا حق نہ دبایا جائے، البتہ کون سا رشتہ دار کس صورت میں وارث ہوگا اور اسے کتنا حصہ ملے گا، یہ میت کے تمام ورثاء کی تفصیل کے بعد بتایا جاسکتا ہے، لہذا آپ کو اگر میراث کی تقسیم میں کوئی خاص صورت در پیش ہو تو اس کو تحریر کرکے دوبارہ سوال ارسال کرسکتی ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:
القرآن الکریم: (النساء، الایة: 11، 12)
یُوْصِیْكُمُ اللّٰهُ فِیْۤ اَوْلَادِكُمْۗ-لِلذَّكَرِ مِثْلُ حَظِّ الْاُنْثَیَیْنِۚ-فَاِنْ كُنَّ نِسَآءً فَوْقَ اثْنَتَیْنِ فَلَهُنَّ ثُلُثَا مَا تَرَكَۚ-وَ اِنْ كَانَتْ وَاحِدَةً فَلَهَا النِّصْفُؕ-وَ لِاَبَوَیْهِ لِكُلِّ وَاحِدٍ مِّنْهُمَا السُّدُسُ مِمَّا تَرَكَ اِنْ كَانَ لَهٗ وَلَدٌۚ-فَاِنْ لَّمْ یَكُنْ لَّهٗ وَلَدٌ وَّ وَرِثَهٗۤ اَبَوٰهُ فَلِاُمِّهِ الثُّلُثُۚ-فَاِنْ كَانَ لَهٗۤ اِخْوَةٌ فَلِاُمِّهِ السُّدُسُ مِنْۢ بَعْدِ وَصِیَّةٍ یُّوْصِیْ بِهَاۤ اَوْ دَیْنٍؕ-اٰبَآؤُكُمْ وَ اَبْنَآؤُكُمْ لَا تَدْرُوْنَ اَیُّهُمْ اَقْرَبُ لَكُمْ نَفْعًاؕ-فَرِیْضَةً مِّنَ اللّٰهِؕ-اِنَّ اللّٰهَ كَانَ عَلِیْمًا حَكِیْمًا(11) وَ لَكُمْ نِصْفُ مَا تَرَكَ اَزْوَاجُكُمْ اِنْ لَّمْ یَكُنْ لَّهُنَّ وَلَدٌۚ-فَاِنْ كَانَ لَهُنَّ وَلَدٌ فَلَكُمُ الرُّبُعُ مِمَّا تَرَكْنَ مِنْۢ بَعْدِ وَصِیَّةٍ یُّوْصِیْنَ بِهَاۤ اَوْ دَیْنٍؕ-وَ لَهُنَّ الرُّبُعُ مِمَّا تَرَكْتُمْ اِنْ لَّمْ یَكُنْ لَّكُمْ وَلَدٌۚ-فَاِنْ كَانَ لَكُمْ وَلَدٌ فَلَهُنَّ الثُّمُنُ مِمَّا تَرَكْتُمْ مِّنْۢ بَعْدِ وَصِیَّةٍ تُوْصُوْنَ بِهَاۤ اَوْ دَیْنٍؕ-وَ اِنْ كَانَ رَجُلٌ یُّوْرَثُ كَلٰلَةً اَوِ امْرَاَةٌ وَّ لَهٗۤ اَخٌ اَوْ اُخْتٌ فَلِكُلِّ وَاحِدٍ مِّنْهُمَا السُّدُسُۚ-فَاِنْ كَانُوْۤا اَكْثَرَ مِنْ ذٰلِكَ فَهُمْ شُرَكَآءُ فِی الثُّلُثِ مِنْۢ بَعْدِ وَصِیَّةٍ یُّوْصٰى بِهَاۤ اَوْ دَیْنٍۙ-غَیْرَ مُضَآرٍّۚ-وَصِیَّةً مِّنَ اللّٰهِؕ-وَ اللّٰهُ عَلِیْمٌ حَلِیْمٌﭤ(12)
مشکوۃ المصابیح: (باب الغصب و العاریة، 254/1، ط: قدیمی)
عن سعيد بن زيد قال: قال رسول الله صلى الله عليه وسلم: «من أخذ شبراً من الأرض ظلماً؛ فإنه يطوقه يوم القيامة من سبع أرضين».
و فیه ایضاً: (باب الوصایا، الفصل الثالث، 266/1، ط: قدیمی)
وعن أنس قال: قال رسول الله صلى الله عليه وسلم: «من قطع ميراث وارثه قطع الله ميراثه من الجنة يوم القيامة» . رواه ابن ماجه".
رد المحتار: (759/6، ط: دار الفكر)
التركة في الاصطلاح ما تركه الميت من الأموال صافيا عن تعلق حق الغير بعين من الأموال كما في شروح السراجية.
الفتاوى الهندية: (6/ 447، ط: دار الفکر)
التركة تتعلق بها حقوق أربعة: جهاز الميت ودفنه والدين والوصية والميراث . فيبدأ أولا بجهازه وكفنه وما يحتاج إليه في دفنه بالمعروف، كذا في المحيط ويستثنى من ذلك حق تعلق بعين كالرهن والعبد الجاني فإن المرتهن وولي الجناية أولى به من تجهيزه، كذا في خزانة المفتين ويكفن في مثل ما كان يلبس من الثياب الحلال حال حياته على قدر التركة من غير تقتير ولا تبذير ، كذا في الاختيار شرح المختار ثم بالدين وأنه لا يخلو إما أن يكون الكل ديون الصحة أو ديون المرض، أو كان البعض دين الصحة والبعض دين المرض، فإن كان الكل ديون الصحة أو ديون المرض فالكل سواء لا يقدم البعض على البعض، وإن كان البعض دين الصحة والبعض دين المرض يقدم دين الصحة إذا كان دين المرض ثبت بإقرار المريض، وأما ما ثبت بالبينة أو بالمعاينة فهو ودين الصحة سواء، كذا في المحيط ثم تنفذ وصاياه من ثلث ما يبقى بعد الكفن والدي ن إلا أن تجيز الورثة أكثر من الثلث ثم يقسم الباقي بين الورثة على سهام الميراث.
الفقه الإسلامي و أدلته للزحيلي: (4984/7، ط: دار الفكر)
ليس المرء حرا بالتصرف في ماله بعد وفاته حسبما يشاء كما هو مقرر في النظام الرأسمالي، وإنما هو مقيد بنظام الإرث الذي يعتبر في الإسلام من قواعد النظام الإلهي العام التي لا يجوز للأفراد الاتفاق على خلافها، فالإرث حق جبري.
واللّٰه تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص،کراچی