سوال:
السلام علیکم! ایک لڑکی کا مسئلہ ہے، آپ سے گزارش ہے کہ اس کا کوئی حل بتادیں۔ ایک عورت نے اپنے بیٹے کے ساتھ اپنے سگے چچا زاد بھائی کو دودھ پلایا ہے، کچھ سالوں کے بعد جب ان کی اولادیں جوان ہوئیں تو اسی عورت نے اپنے چھوٹے بیٹے کا نکاح اسی چچا زاد بھائی کی بیٹی سے کروادیا۔
دین کی نظر میں اس رشتے کو کیا کہا جائے گا؟ لاعلمی کی وجہ سے یہ بات یہاں تک آگئی کہ ان کی اولادیں بھی ہیں۔
جواب: پوچھی گئی صورت میں اگر مذکورہ خاتون نے مدّتِ رضاعت (دو سال) میں اپنے چچا زاد بھائی کو دودھ پلایا ہو تو یہ لڑکا اس خاتون کا رضاعی بیٹا ہے اور اس خاتون کی تمام اولادیں اس لڑکے کے رضاعی بھائی اور بہنیں ہیں، اس لیے اس دودھ پینے والے لڑکے کی بیٹی کا رشتہ مذکورہ (دودھ پلانے والی) خاتون کے بیٹے سے کرنا درست نہیں تھا۔ مذکور نکاح چونکہ شرعی مسئلہ کی لاعلمی کی وجہ سے ہوا تھا، اس لیے یہ نکاح "نکاحِ فاسد" کے حکم میں ہے، اس سے پیدا ہونے والی اولاد کا نسب اپنے والد سے ثابت ہوگا، البتہ اب مسئلہ معلوم ہو جانے کے بعد مذکورہ شخص پر لازم ہے کہ اس خاتون سے فوراً علیحدگی اختیارتے ہوئے زبان سے اس بات کا اعلان کردے کہ میں نے اپنی اس رضاعی بھتیجی سے زوجیت کا تعلق ختم کردیا ہے، اس تعلق کے ختم کرنے کے بعد مذکورہ خاتون پر باقاعدہ عدت گزارنا بھی لازم ہے۔
نوٹ: یہ حکم اس وقت ہے جب رضاعت شرعی گواہی یعنی دو مردوں یا ایک مرد اور دو عورتوں کے ذریعے سے ثابت ہو، یا اگر ایک خاتون نے خبر دی ہو تو اس کے صحیح ہونے کا ظن غالب ہو، صرف شک کی بنیاد پر حرمت ثابت نہیں ہوگی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:
*الفتاوی الھندیۃ: (342/1، ط: دار الفکر)*
قليل الرضاع وكثيره إذا حصل في مدة الرضاع تعلق به التحريم كذا في الهداية. قال في الينابيع. والقليل مفسر بما يعلم أنه وصل إلى الجوف كذا في السراج الوهاج
ووقت الرضاع في قول أبي حنيفة - رحمه الله تعالى - مقدر بثلاثين شهرا وقالا مقدر بحولين هكذا في فتاوى قاضي خان
*و فیہ ایضاً: (343/1، ط: دار الفكر)*
أرضعت امرأة من لبنه رضيعا فالكل إخوة الرضيع وأخواته وأولادهم أولاد إخوته وأخواته وأخو الرجل عمه وأخته عمته وأخو المرضعة خاله وأختها خالته وكذا في الجد والجدة."
*رد المحتار: (225/3، ط: دارالفکر)*
الْحَاصِلُ أَنَّ الْمَذْهَبَ عِنْدَنَا كَمَا قَالَ الزَّيْلَعِيُّ فِي اللِّعَانِ أَنَّ النِّكَاحَ لَا يَرْتَفِعُ بِحُرْمَةِ الرَّضَاعِ وَالْمُصَاهَرَةِ بَلْ يَفْسُدُ، حَتَّى لَوْ وَطِئَهَا قَبْلَ التَّفْرِيقِ لَا يَجِبُ عَلَيْهِ الْحَدُّ اشْتَبَهَ الْأَمْرُ أَوْ لَمْ يَشْتَبِهْ نَصَّ عَلَيْهِ فِي الْأَصْلِ وَفِي الْفَاسِدِ لَا بُدَّ مِنْ تَفْرِيقِ الْقَاضِي أَوْ الْمُتَارَكَةِ بِالْقَوْلِ فِي الْمَدْخُولِ بِهَا، وَفِي غَيْرِهَا يُكْتَفَى بِالْمُفَارَقَةِ بِالْأَبْدَانِ كَمَا مَرَّ. اه.
*و فیه ایضاً: (131/3، ط: دارالفکر)*
(قَوْلُهُ فِي نِكَاحٍ فَاسِدٍ) وَحُكْمُ الدُّخُولِ فِي النِّكَاحِ الْمَوْقُوفِ كَالدُّخُولِ فِي الْفَاسِدِ، فَيَسْقُطُ الْحَدُّ وَيَثْبُتُ النَّسَبُ وَيَجِبُ الْأَقَلُّ مِنْ الْمُسَمَّى وَمِنْ مَهْرِ الْمِثْلِ، خِلَافًا لِمَا فِي الِاخْتِيَارِ مِنْ كِتَابِ الْعِدَّةِ، وَتَمَامُهُ فِي الْبَحْرِ.
واللّٰه تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص، کراچی