resize-left-dar mid-dar right-dar
✨ Ask AI

عنوان: سوشل میڈیا کا استعمال اور نگاہوں کی حفاظت

(69482-No)

سوال: اسلام میں نگاہیں نیچی رکھنے کا حکم ہے تو ہم جو سوشل میڈیا استعمال کرتے ہیں، اس پر اس حکم کو کیسے اختیار کریں؟
اگر اسلامی رہنمائی کے لیے سوشل میڈیا استعمال کریں تو ایک یا دو مرتبہ ویڈیو دیکھنی اور سننی پڑ جاتی ہے اور اگر تفریح کے مقصد سے بھی استعمال کریں تو اس کی کہاں تک گنجائش ہے؟ اگر ڈرامے بھی دیکھنے سے اجتناب کریں تو وی لاگز اور ریلز وغیرہ میں کہاں تک احتیاط کر سکتے ہیں؟
چونکہ اللہ کے نبی ﷺ کا فرمان ہے کہ پہلی نظر معاف ہے، لیکن دوسری نظر معاف نہیں، جو ارادتاً یا قصداً ڈالی جائے تو ہم اس معاملے میں اپنے آپ کو کیسے بچا سکتے ہیں؟ کیونکہ سوشل میڈیا تو نامحرموں سے بھرا پڑا ہے۔ آج کل اگر ہم خود بچنے کی کوشش کریں تو ہمارے آس پاس کے لوگ بھی سوشل میڈیا استعمال کرتے ہیں، وہ اکثر کہتے ہیں کہ اب اتنا بھی کیا کرنا ہے، ایسی غیر معمولی حرکتیں نہ کیا کرو وغیرہ۔ اس معاملے کی نزاکت کو ہمیں کس حد تک سمجھنے کی ضرورت ہے؟ جزاک اللہ خیراً

جواب: اسلام ایک پاکیزہ معاشرے کی تشکیل کے لیے مرد و عورت دونوں کو نگاہوں کی حفاظت اور حیا اختیار کرنے کی تعلیم دیتا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے قرآنِ کریم میں مؤمن مردوں اور عورتوں دونوں کو نگاہیں نیچی رکھنے اور اپنی شرم گاہوں کی حفاظت کرنے کا حکم دیا ہے۔ چنانچہ ارشادِ باری تعالیٰ ہے:
قُلْ لِلْمُؤْمِنِينَ يَغُضُّوا مِنْ أَبْصَارِهِمْ وَيَحْفَظُوا فُرُوجَهُمْ ۚ ذَٰلِكَ أَزْكَىٰ لَهُمْ ۗ إِنَّ اللَّهَ خَبِيرٌ بِمَا يَصْنَعُونَ ۝ وَقُلْ لِلْمُؤْمِنَاتِ يَغْضُضْنَ مِنْ أَبْصَارِهِنَّ وَيَحْفَظْنَ فُرُوجَهُنَّ۔
ترجمہ: مومن مردوں سے کہہ دو کہ وہ اپنی نگاہیں نیچی رکھیں، اور اپنی شرمگاہوں کی حفاظت کریں۔ یہی ان کے لیے پاکیزہ ترین طریقہ ہے۔ وہ جو کاروائیاں کرتے ہیں اللہ ان سب سے پوری طرح باخبر ہے۔
اور مومن عورتوں سے کہہ دو کہ وہ اپنی نگاہیں نیچی رکھیں اور اپنی شرم گاہوں کی حفاظت کریں۔(سورۃ النور: 30-31)
موجودہ دور میں سوشل میڈیا انسانی زندگی کا ایک اہم حصہ بن چکا ہے، جس کے ذریعے دینی، تعلیمی اور دیگر معلوماتی چیزیں حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ تفریح کے مواقع بھی میسر آتے ہیں، لیکن اس کے ساتھ نامناسب اور غیر شرعی چیزوں کی کثرت بھی ہے۔ اس لیے سوشل میڈیا استعمال کرتے ہوئے بھی نگاہوں کی حفاظت کے شرعی حکم کو پیشِ نظر رکھنا ضروری ہے۔ یہ حکم صرف حقیقی زندگی میں نامحرم کو دیکھنے کے ساتھ خاص نہیں ہے، بلکہ موبائل اور انٹرنیٹ کے ذریعے نامحرم کو دیکھنا بھی اسی حکم میں داخل ہے۔
لہٰذا اگر کوئی شخص کسی جائز مقصد کے لیے سوشل میڈیا کا استعمال کرتا ہے تو جائز ہے، بشرطیکہ اس میں کوئی اور شرعی قباحت نہ ہو۔ اسی طرح تفریح کے لیے وی لاگز وغیرہ دیکھنا بھی جائز ہے، بشرطیکہ ان میں نامحرم عورتوں کی تصاویر، موسیقی یا دیگر کوئی خلافِ شرع امر بھی نہ پایا جائے، البتہ ڈرامے اور فلمیں دیکھنا کسی صورت میں بھی جائز نہیں ہے۔ لہٰذا سوشل میڈیا پر وی لاگز (V logs) ، ریلز (Reels) اور دیگر ویڈیوز دیکھتے ہوئے ان شرعی احکام کا لحاظ رکھنا ضروری ہے۔
نیز سوشل میڈیا استعمال کرتے ہوئے اگر اچانک کسی نامحرم پر نظر پڑ جائے تو فوراً نگاہ پھیر لینی چاہیے اور دوبارہ قصداً اس کی طرف نہیں دیکھنا چاہیے۔
اس کے علاوہ سوشل میڈیا پر نگاہوں کی حفاظت کے لیے ضروری ہے کہ ایسے اکاؤنٹس کو اَن فالو(Unfollow) یا بلاک کردیا جائے جن پر بے پردگی اور غیر شرعی مناظر پر مشتمل مواد نشر ہوتا ہے، اگر اردگرد کے لوگ اس طرزِ عمل کو غیر معمولی سمجھیں یا اس پر اعتراض کریں تو ان کی باتوں کی وجہ سے شرعی احکام میں کوتاہی نہیں کرنی چاہیے، بلکہ حکمت، نرمی اور اپنے طرزِ عمل کے ساتھ انہیں سمجھانا چاہیے ۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:

القرآن الکریم: (النور، الآية: 30، 31)
قُلْ لِلْمُؤْمِنِينَ يَغُضُّوا مِنْ أَبْصَارِهِمْ وَيَحْفَظُوا فُرُوجَهُمْ ۚ ذَٰلِكَ أَزْكَىٰ لَهُمْ ۗ إِنَّ اللّٰهَ خَبِيرٌ بِمَا يَصْنَعُونَ O وَقُلْ لِلْمُؤْمِنَاتِ يَغْضُضْنَ مِنْ أَبْصَارِهِنَّ وَيَحْفَظْنَ فُرُوجَهُنَّ ...الخ

صحیح مسلم: (رقم الحدیث: 2159)
حَدَّثَنِي قُتَيْبَةُ بْنُ سَعِيدٍ حَدَّثَنَا يَزِيدُ بْنُ زُرَيْعٍ ح و حَدَّثَنَا أَبُو بَكْرِ بْنُ أَبِي شَيْبَةَ حَدَّثَنَا إِسْمَعِيلُ ابْنُ عُلَيَّةَ كِلَاهُمَا عَنْ يُونُسَ ح و حَدَّثَنِي زُهَيْرُ بْنُ حَرْبٍ حَدَّثَنَا هُشَيْمٌ أَخْبَرَنَا يُونُسُ عَنْ عَمْرِو بْنِ سَعِيدٍ عَنْ أَبِي زُرْعَةَ عَنْ جَرِيرِ بْنِ عَبْدِ اللَّهِ قَالَ سَأَلْتُ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ عَنْ نَظَرِ الْفُجَاءَةِ فَأَمَرَنِي أَنْ أَصْرِفَ بَصَرِي

واللہ تعالیٰ اعلم باالصواب
دارالافتاء الاخلاص،کراچی

Find here answers of your daily concerns or questions about daily life according to Islam and Sharia. This category covers your asking about the category of Prohibited & Lawful Things