سوال:
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ! مفتی صاحب! مجھے اپنے نکاح کے حوالے سے ایک اہم شرعی مسئلہ دریافت کرنا ہے۔ میری عمر 20 سال سے زیادہ ہے اور میرے شوہر کی عمر بھی 20 سال سے زیادہ ہے، ہم دونوں نے اپنی رضامندی سے گھر والوں کو شامل کیے بغیر نکاح کیا تھا، نکاح کے وقت ہم دونوں جسمانی طور پر ایک ہی جگہ موجود تھے۔ میرے شوہر نے اپنے دو مرد دوستوں کو فون کال کی اور انہیں بتایا کہ وہ فلاں کی بیٹی سے نکاح کر رہے ہیں اور انہیں گواہ بنا رہے ہیں۔ دونوں دوستوں نے فون پر گواہی دینے کی رضامندی ظاہر کی، لیکن ان دونوں دوستوں نے میرے منہ سے ’’قبول ہے‘‘ کے الفاظ نہیں سنے، صرف میرے شوہر نے میرے قبول ہے کہنے کو سنا، جبکہ ہم دونوں نے تین مرتبہ قبول ہے کہا تھا، حق مہر بھی طے کیا گیا تھا، ہمارا نکاح کسی نکاح رجسٹرار کے ذریعے رجسٹر نہیں کروایا گیا تھا اور نکاح کے وقت کوئی دوسرا گواہ جسمانی طور پر موجود نہیں تھا۔
میرے درج ذیل سوالات ہیں:
1) کیا اس طریقے سے ہمارا نکاح فقہِ حنفی کے مطابق درست ہوا؟
2) کیا فون پر موجود دونوں دوست شرعی گواہ بن سکتے تھے؟
3) اگر نکاح میں کوئی شرعی کمی رہ گئی تھی تو اب ہمیں کیا کرنا چاہیے؟
4) کیا ہمارے لیے دوبارہ نکاح کرنا ضروری ہے؟ براہِ کرم قرآن و سنت اور فقہِ حنفی کی روشنی میں تفصیلی شرعی رہنمائی فرمائیں۔ جزاکم اللہ خیرا
جواب: سوال میں مذکورہ تفصیلات اگر درست ہیں تو یہ نکاح منعقد نہیں ہوا ہے، کیونکہ نکاح کے صحیح ہونے کے لیے ضروری ہے کہ لڑکے اور لڑکی یا ان کے وکیل شرعی گواہوں (دو عاقل، بالغ مسلمان مرد یا ایک مرد اور دو عورتوں) کی موجودگی میں ایک ہی مجلس میں ایجاب و قبول کریں، جبکہ پوچھی گئی صورت میں اگرچہ لڑکا اور لڑکی جسمانی طور پر ایک ہی جگہ موجود تھے، لیکن نکاح کے وقت کوئی شرعی گواہ جسمانی طور پر موجود نہیں تھا، بلکہ لڑکے نے اپنے دو مرد دوستوں کو فون کال کے ذریعے گواہ بنایا، اور ان دونوں نے لڑکی کے منہ سے ایجاب و قبول کے الفاظ بھی نہیں سنے، اس لیے یہ نکاح درست نہیں ہوا۔
لہذا اگر اس نکاح کے بعد دونوں کے درمیان جسمانی تعلق وغیرہ قائم ہوا ہے تو اس پر شدید توبہ و استغفار کی ضرورت ہے، البتہ اگر دوبارہ نکاح کرنا چاہتے ہیں تو شرعی گواہوں کی موجودگی میں ایک ہی مجلس میں باقاعدہ ایجاب و قبول کرکے نکاح کرلیا جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
*الدلائل:*
*الهداية: (185/1، ط: دار إحياء التراث العربي)*
قال: "النكاح ينعقد بالإيجاب والقبول بلفظين يعبر بهما عن الماضي"؛ لأن الصيغة وإن كانت للإخبار وضعا فقد جعلت للإنشاء شرعا دفعا للحاجة.
*فيه أيضاً: (185/1، ط: دار إحياء التراث العربي)*
قال: "ولا ينعقد نكاح المسلمين إلا بحضور شاهدين حرين مسلمين بالغين عاقلين أو رجل وامرأتين".
واللّٰه تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص، کراچی