سوال:
محترم مفتی صاحب! گزارش ہے کہ ہمارے دادا کا انتقال ہوا اور انہوں نے ترکہ میں ایک گھر چھوڑا ہے۔ دادا کے انتقال کے وقت ان کے تمام ورثاء (بیوہ، سات بیٹے اور چھ بیٹیاں) حیات تھے۔ دادا کے انتقال کے کچھ عرصہ بعد (جبکہ ابھی ترکہ تقسیم نہیں ہوا تھا) ان کے سات بیٹوں میں سے ایک بیٹے کا انتقال ہو گیا۔ اس مرحوم بیٹے نے اپنے پیچھے درج ذیل ورثاء چھوڑے ہیں:
ایک بیوہ، چار (4) بیٹیاں، والدہ، چھ بھائی اور چھ بہنیں ہیں۔
مطلوبہ وضاحت: براہِ کرم قرآن و سنت اور فقہِ حنفی کی روشنی میں درج ذیل امور کی وضاحت فرما دیں:
1) دادا کے انتقال کے وقت چونکہ ساتوں بیٹے زندہ تھے، اس لیے اس گھر میں تمام ورثاء (بیوہ، 7 بیٹوں اور 6 بیٹیوں) کے شرعی حصے کیا بنتے ہیں؟
2) بعد میں انتقال کر جانے والے بیٹے کا حصہ اس کے شرعی ورثاء (بیوہ، 4 بیٹیوں، والدہ اور بہن بھائیوں) میں کس طرح تقسیم ہوگا؟
3) تمام زندہ ورثاء اور مرحوم بیٹے کے ورثاء کا مجموعی حساب (مناسخہ کے اصول کے مطابق) فیصد یا حصوں کے تناسب سے واضح فرما دیں تاکہ مکان کی تقسیم یا قیمت کی ادائیگی شرعی اصولوں کے مطابق کی جا سکے۔
جواب: مرحومین کی تجہیز وتکفین کے جائز اور متوسط اخراجات، قرض کی ادائیگی اور اگر کسی غیر وارث کے لیے جائز وصیت کی ہو تو ایک تہائی (1/3) میں وصیت نافذ کرنے کے بعد کل جائیداد منقولہ اور غیرمنقولہ کو چونتیس ہزار پانچ سو ساٹھ (34560) حصوں میں تقسیم کیا جائے گا، جس میں سے بیوہ (آپ کی دادی) کو چار ہزار آٹھ سو چوبیس (4824) حصے، مرحوم کے چھ زندہ بیٹوں میں سے ہر ایک بیٹے کو تین ہزار اڑتیس (3038) حصے، چھ بیٹیوں میں سے ہر ایک بیٹی کو ایک ہزار پانچ سو انیس (1519) حصے، مرحوم بیٹے کی بیوہ کو تین سو اٹھتر (378) حصے اور مرحوم بیٹے کی چاروں بیٹیوں میں سے ہر ایک بیٹی کو پانچ سو چار (504) حصے ملیں گے۔
اس تقسیم کی رو سے بیوہ (آپ کی دادی) کو %13.95 فیصد حصہ، مرحوم کے چھ زندہ بیٹوں میں سے ہر ایک بیٹے کو %8.79 فیصد حصہ، چھ بیٹیوں میں سے ہر ایک بیٹی کو%4.39 فیصد حصہ، مرحوم بیٹے کی بیوہ کو %1.09 فیصد حصہ اور مرحوم بیٹے کی چاروں بیٹیوں میں سے ہر ایک بیٹی کو%1.45 فیصد حصہ ملے گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:
القرآن الکریم: (النساء، الایة: 11، 12)
يُوصِيكُمُ اللَّهُ فِي أَوْلَادِكُمْ لِلذَّكَرِ مِثْلُ حَظِّ الْأُنْثَيَيْنِ ..... وَ لِاَبَوَیْهِ لِكُلِّ وَاحِدٍ مِّنْهُمَا السُّدُسُ مِمَّا تَرَكَ اِنْ كَانَ لَهٗ وَلَدٌۚ فَإِنْ كَانَ لَهُنَّ وَلَدٌ فَلَكُمُ الرُّبُعُ مِمَّا تَرَكْنَ مِنْ بَعْدِ وَصِيَّةٍ يُوصِينَ بِهَا أَوْ دَيْنٍ وَلَهُنَّ الرُّبُعُ مِمَّا تَرَكْتُمْ إِنْ لَمْ يَكُنْ لَكُمْ وَلَدٌ فَإِنْ كَانَ لَكُمْ وَلَدٌ فَلَهُنَّ الثُّمُنُ مِمَّا تَرَكْتُمْ مِنْ بَعْدِ وَصِيَّةٍ تُوصُونَ بِهَا أَوْ دَيْنٍ ..الخ
و قوله تعالی: (النساء، الایة: 176)
وَإِن كَانُواْ إِخْوَةً رِّجَالاً وَنِسَاءً فَلِلذَّكَرِ مِثْلُ حَظِّ الْأُنثَيَيْنِ ... الخ
الدر المختار: (کتاب الفرائض، 81/6، ط: دار الفکر)
فصل في المناسخة (مات بعض الورثة قبل القسمة للتركة صححت المسألة الأولى) وأعطيت سهام كل وارث (ثم الثانية) ... الخ
واللہ تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص،کراچی