سوال:
جمعہ کے دن سورہ کہف کی شروع یا آخری دس آیتیں پڑھنے سے سورہ کہف کی فضیلت حاصل ہوجائےگی یا نہیں؟
جواب: سورہ کہف کی اگر دس آیات جمعہ کے دن پڑھ لی جائیں تو پوری سورت کاثواب ملے گا، اس مضمون کی حدیث ہماری نظر سے نہیں گزری، البتہ دس آیات یاد کرنے کی فضیلت فتنہ دجال سے حفاظت سے متعلق ایک حدیث میں وارد ہوئی ہے، سنن ابو داؤد کی روایت ہے:
" عَنْ حَدِيثِ أَبِي الدَّرْدَاءِ، يَرْوِيهِ عَنِ النَّبِيِّ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ، قَالَ: مَنْ حَفِظَ عَشْرَ آيَاتٍ مِنْ أَوَّلِ سُورَةِ الْكَهْفِ، عُصِمَ مِنْ فِتْنَةِ الدَّجَّالُ ".
(سنن أبي داود :٤/ ١١٧)
ترجمہ :
’’سيدناابوالدرداءرضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ نبی کریمﷺ نے فرمایا:جس نے سورہ کہف کی ابتدائی دس آیتیں یاد کر لیں، وہ دجال کے فتنہ سے محفوظ رہے گا۔‘‘
دوسری روایت میں دس آیت صرف تلاوت پر بھی آئی ہے،
نبی اکرم ﷺ نے فرمایا :
"مَنْ قَرَأَ سُورَة الْکَہْفِ کَمَا أُنْزِلَتْ ،کَانَتْ لَہُ نُورًامِنْ مَقَامِہٖ إِلیٰ مَکَّۃَ ،وَمَنْ قَرَأَ بِعَشْرِ آیَاتٍ مِنْ آخِرِہَا ،فَخَرَجَ الدَّجَّالُ ،لَمْ یُسَلَّطْ عَلَیْہِ". (أخرجہ الحاکم (۲؍۳۶۸)
ترجمہ :
’’جو سورہ کہف کو پڑھے گا جیسے وہ نازل ہوئی اس کی جگہ سےمکہ تک نور ہوگا ۔اور جو شخص اس کی آخری دس آیتوں کو پڑھے گا (اور اس ہی زمانے میں دجال کا ظہور ہوجائے) اس انسان پر دجال مسلط نہیں کیا جائے گا ۔
واللہ تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص،کراچی