resize-left-dar mid-dar right-dar

عنوان: "10 مرتبہ سبحان اللہ، 10 مرتبہ الحمدللہ اور 10 مرتبہ اللہ اکبر پڑھ کر دعا مانگنے کے جواب میں اللہ پاک کا یہ کہنا کہ میں نے تمہارا کام کردیا" حدیث کی تحقیق (7388-No)

سوال: اس حدیث کی تصدیق فرمادیں: "حضرت انس بن مالک رضی اللّٰہ عنہ سے مروی ہے کہ حضرت ام سلیم رضی اللّٰہ عنہا حضور اکرم ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوئیں اور عرض کیا: اے اللہ کے رسول! مجھے ایسے کلمات سکھا دیں، جن کے ذریعے میں اللّٰہ تعالیٰ سے دعا مانگا کروں تو آنحضرت ﷺ نے ارشاد فرمایا: تم 10 مرتبہ سبحان اللہ، 10 مرتبہ الحمدللہ اور 10 مرتبہ اللہ اکبر پڑھ کر اللّٰہ تعالیٰ سے اپنی حاجت مانگا کرو، اس کے جواب میں اللّٰہ تعالیٰ فرماتے ہیں: میں نے تمہارا کام کر دیا، میں نے تمہارا کام کر دیا"۔

جواب: جی ہاں! سوال میں مذکور حدیث "صحیح"ہے، حدیث کا ترجمہ، تخریج اور اسنادی حیثیت درج ذیل ہے:
ترجمہ:حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ حضرت ام سلیم رضی اللہ عنہا حضور اکرم ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوئیں اور عرض کیا: اے اللہ کے رسول! مجھے ایسے کلمات سکھا دیں، جن کو میں نماز میں پڑھا کروں تو آنحضرت ﷺ نے ارشاد فرمایا: "تم 10 مرتبہ سبحان الله، 10 مرتبہ الحمدللہ اور 10 مرتبہ الله اکبر پڑھ کر الله تعالیٰ سے اپنی حاجت مانگا کرو، اس کے جواب میں اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں: میں نے تمہارا کام کر دیا، میں نے تمہارا کام کر دیا"۔(مسند احمد: حدیث نمبر: 12207) (1)
تخریج الحدیث:
امام احمد بن حنبل رحمہ اللہ (م 241ھ)نے اپنى کتاب "مسند احمد" ج19ص 240، رقم الحدیث (12207)، ط: مؤسسة الرسالة، میں نقل کیا ہے۔
امام ترمذی رحمہ اللہ (م 279ھ) نے اپنى کتاب "سنن الترمذي" ج2ص 347، رقم الحدیث (481)، ط: دار الغرب الاسلامی، میں نقل کیا ہے۔
امام نسائى رحمہ اللہ (م 303ھ) نے اپنى کتاب "السنن الكبرى " ج2ص 78، رقم الحدیث (1223)،مؤسسة الرسالة، میں نقل کیا ہے۔
امام ابو یعلى الموصلى رحمہ اللہ (م 307ھ ) نے اپنى کتاب "مسند أبي يعلى "ج7ص 271، رقم الحدیث (4292)،ط: دار المأمون للتراث-دمشق،میں نقل کیا ہے۔
امام ابن خزیمہ رحمہ اللہ (م 311ھ) نے اپنى کتاب "صحيح ابن خزيمة " ج2ص 31، رقم الحدیث (850)، ط: مؤسسة الرسالة،میں نقل کیا ہے۔
امام ابن حبان رحمہ اللہ (م 354ھ) نے اپنى کتاب "صحيح ابن حبان "ج5ص 353، رقم الحدیث (2011)، ط: مؤسسة الرسالة، میں نقل کیا ہے۔
امام طبرانی رحمہ اللہ (م 360ھ) نے اپنى کتاب "الدعاء" ص 230، رقم الحدیث (725)، ط: دار الكتب العلمية، میں نقل کیا ہے۔
امام حاکم رحمہ اللہ (م 405ھ) نے اپنى کتاب "المستدرك على الصحيحين "ج1ص 385، رقم الحدیث (937)، ط: دار الكتب العلمية، میں نقل کیا ہے۔
امام بیہقی رحمہ اللہ (م 458ھ) نے اپنى کتاب "شعب الإيمان " ج4ص 464، رقم الحدیث (2818)، ط: مكتبة الرشد،میں نقل کیا ہے۔
حدیث کى اسنادى حیثیت:
امام ترمذی رحمہ اللہ (م 279ھ) نے اس حدیث کو اپنى کتاب "سنن الترمذی " میں اس حدیث کو نقل کرنے کے بعد اس حدیث کو "حسن غریب " قرار دیا ہے۔
حافظ ابن حجر عسقلانى رحمہ اللہ (م 852ھ) نے اس حدیث کو اپنى کتاب "نتائج الافکار" ج 5 ص 161، ط: دار ابن کثیر، میں نقل کرنے کے بعد اس حدیث کو "صحیح " قرار دیا ہے۔ (2)

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:

(1) مسند أحمد :(19/ 240، رقم الحدیث(12207)، ط: مؤسسة الرسالة)
عن أنس بن مالك قال: جاءت أم سليم إلى النبي صلى الله عليه وسلم، فقالت: يا رسول الله، علمني كلمات أدعو بهن قال: " تسبحين الله عشرا، وتحمدينه عشرا، وتكبرينه عشرا، ثم سلي حاجتك، فإنه يقول: قد فعلت، قد فعلت ".

(2) والحدیث أخرجہ الترمذی فی "سننه"(أبواب الوتر/ باب ما جاء في صلاة التسبيح، 2/ 347، رقم الحدیث (481)، ط: دار الغرب الإسلامي-بيروت، وقال: حديث أنس حديث حسنٌ غريبٌ. وأخرجه الحافظ في "نتائج الأفكار" 5/161، ط:دار ابن كثير-بيروت، من طريق وكيع وعبد الله بن المبارك، كلاهما عن عكرمة بن عمار، به، وقال: هذا حديثٌ صحيحٌ.

واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص،کراچی

10 times subhan allah 10 times alhumdulillah 10 times allah ho akbar parh kar dua mangnay say dua qubool hoti hai is hadees ki tehqeeq, Confirmation of Hadith, Hadees, Narration regarding / related to "By reciting Subhan Allah 10 times, Alhamdulillah 10 times and Allahu Akbar 10 times, the prayer is accepted".

Find here answers of your daily concerns or questions about daily life according to Islam and Sharia. This category covers your asking about the category of Interpretation and research of Ahadees